سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق دھماکا کبل چوک میں پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب وہاں مقامی نوجوانوں کا احتجاج جاری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مبینہ خودکش حملہ آور پولیس اسٹیشن کبل میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اسے روک لیا۔ اس دوران حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کبل کے مطابق دھماکے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ مبینہ حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔









