آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اکتوبر 2026 کے لیے درآمدی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں میں 13 سے 15 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے ٹرانسمیشن سسٹم کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 13.89 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 15.9357 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ایس این جی پی ایل کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے قیمت میں 14.01 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 17.3259 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
سوئی سدرن کے لیے بھی آر ایل این جی مہنگی
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے ٹرانسمیشن سسٹم کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 15.25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 14.5339 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
ایس ایس جی سی ایل کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے قیمت میں 15.27 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 16.3959 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق اکتوبر کے لیے آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔ قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2026 کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے دو درآمدی کارگوز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔









