1443

اے ٹی ایم فراڈ: ایف آئی اے نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر شکیل درانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی سے ایک شخص کو فراڈ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے قبضے سے خالی کارڈ، میگنیٹک اسٹرپ ریڈر، ایک اسکمر اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹرایف آئی اے شکیل درانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ راولپنڈی سے سابق اللہ کے نام سے ایک شخص کو جعلی کریڈٹ کارڈ بنانے اور کریڈٹ کارڑ کی معلومات چوری کرنے اور نجی ویڈیوز کے ذریعے خواتین کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

شکیل درانی کا کہنا تھا کہ ملزم بھارتی ہیکرسارو، کینیڈا، نائیجیریا اور اطالوی ہیکرز سے رابطے میں تھا جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنے معاونین کے ساتھ فراڈ کا کاروبار چلاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے ہیکرز کو پیسوں کے عوض دستاویزات بیچ دی ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آئی اے ملزم کی معاونت کے حوالے سے ان کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کررہی ہے کیونکہ ملزم نے اپنے غیرقانونی کام کے لیے ان کے نام سے قومی شناختی کارڈ اور جعلی کریڈٹ کارڈ استعمال کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایف آئی دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کررہی ہے۔

ملزم کے حوالے سے مزید کارروائی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے۔