3

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ؛ رواں سال مجموعی تعداد 5268 ہو گئی، محکمہ صحت نے احتیاطی تدابیر کی ہدایت کر دی

پشاور (نیوز ڈیسک) — موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5,268 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 5,098 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت فعال کیسز کی تعداد 169 ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 3,008 کیسز (جن میں 123 فعال کیسز شامل ہیں) رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ پشاور میں مجموعی کیسز کی تعداد 655 ہو گئی ہے۔ صوبے بھر میں اب تک ڈینگی سے ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، اور صرف اکتوبر کے مہینے کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 2,656 کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں کیونکہ تاحال اس کی کوئی مؤثر ویکسین تیار نہیں ہو سکی۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ گھروں میں پانی کو بالکل جمع نہ ہونے دیا جائے، کچرے کے ڈبوں کو ڈھانپ کر رکھا جائے، صبح و شام کے اوقات میں کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھا جائے، پوری آستین والے کپڑے پہنے جائیں اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے لوشن اور مچھر دانی کا استعمال کیا جائے۔