لاہور (نیوز ڈیسک) — پاکستان کے معروف اداکار، تھیٹر ڈائریکٹر اور ایکٹنگ کوچ عمیر رانا نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنی ایک ایسی دلچسپ صلاحیت کا انکشاف کیا ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ انٹرویو کے دوران جب میزبان نے ان سے ان کی کسی 'سب سے غیر ضروری صلاحیت' کے بارے میں پوچھا تو اداکار نے بتایا کہ وہ مشہور کارٹون کردار ڈونلڈ ڈک کی آواز ہو بہو ویسے ہی نکال سکتے ہیں، اور انہوں نے اس صلاحیت کو بیک وقت انتہائی حیرت انگیز اور بے کار قرار دیا۔
اس انٹرویو کے دوران عمیر رانا نے اپنے فنکارانہ سفر اور ابتدائی زندگی کے تجربات پر بھی کھل کر گفتگو کی، اور انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل ان کی پہلی ملازمت ایک ہوٹل میں تھی۔ واضح رہے کہ عمیر طاہر رانا پاکستانی میڈیا انڈسٹری کے ایک منجھے ہوئے فنکار ہیں جو کئی مشہور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت ایکٹنگ کوچ کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔









