2086

بالی ووڈ کے وہ اداکار جو ڈاکٹر بھی ہیں

ممبئی: ایک وقت تھا جب اداکاری، گلوکاری اور رقص کو اچھا تصور نہیں کیاجاتاتھا لوگوں کی اپنے بچوں کیلئے خواہش ہوتی تھی کہ ان کے بچے بڑے ہو کر ڈاکٹر بنیں۔

لیکن صرف طب کے پیشے سے تعلق رکھنے والے افراد ڈاکٹر نہیں کہلاتے بلکہ اپنے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے اور نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے بھی کچھ لوگوں کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا جاتا ہے۔ بالی ووڈ کے متعدد اداکاروں کو (جن میں سے کچھ تو اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی نہیں ہیں) بھارتی فلم انڈسٹری کے علاوہ دیگر شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دینے کیلئے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا جاچکا ہے۔

ڈاکٹر امیتابھ بچن:

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی خدمات کے صلے میں برطانیہ کی ڈی مونٹفورٹ یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی ہے، جب کہ اس سے قبل انہیں آسٹریلیا کی کوئین سلینڈ یونیورسٹی سے بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل چکی ہے جو انہیں بالی ووڈ میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے کیلئے دی گئی تھی۔

ڈاکٹر اکشے کمار:

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے نہایت کم عمری میں کیرئیر کا آغاز کردیاتھایہی وجہ ہے کہ اکشے کمار اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکے تھے اور چھوٹی عمر میں کام کرنے کی وجہ سے انہیں کالج کوخیرباد کہنا پڑاتھا۔ لیکن اکشے کے مداحوں کو دل چھوٹا کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ تعلیم مکمل نہیں کی تو کیا ہوا آج ان کے پاس ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ہے جو انہیں کینیڈا کی اسمپشن یونیورسٹی آف ونڈسر آنٹیریو سے بھارتی فلم انڈسٹری میں بہترین خدمات انجام دینے پر دی گئی تھی۔

ڈاکٹر شبانہ اعظمی:

نامور بالی ووڈ اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرچکی ہیں۔ شبانہ اعظمی بہترین اداکاری تو کرتی ہی ہیں اس کے ساتھ ہی سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں جب کہ وہ کسی بھی غلط کام کیلئےآواز اٹھانے سے کبھی نہیں ہچکچاتیں ان کے اسی جذبے کے صلے میں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل چکی ہے۔

ڈاکٹر شاہ رخ خان:

دنیا بھر میں بھارتی فلم انڈسٹری کی نمائندگی کرنے والے شاہ رخ خان بھی اداکار کے علاوہ ڈاکٹر ہیں۔ شاہ رخ خان کو ان کی بالی ووڈ میں گراں قدر خدمات انجام دینے اور اداکاری کے علاوہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کیلئے برطانیہ کی بیڈفورڈشیر یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل چکی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں انٹرٹنمنٹ انڈسٹری اور کاروباری معاملات میں بہترین کام کرنے پر آئیوے لیگ یونیورسٹی میں بھی اعزازی طور پر بلایاگیاتھا جہاں انہوں نے بھارت کی نمائندگی کی تھی۔

ڈاکٹر اے آر رحمان:

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے پاس ایک، دو نہیں بلکہ پانچ اعزازی ڈگریاں ہیں جن میں سے ایک انہیں اسکاٹ لینڈ  رائل کنزرویٹر میں ملی تھی۔

ڈاکٹر جاوید اختر:

بھارتی شاعر، ادیب اور اداکارہ شبانہ اعظمی کے شوہر جاوید اختر بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری رکھتے ہیں۔ انہیں بھارت کی  یونیورسٹی آف پونڈی کری سے یہ اعزازی ڈگری حاصل ہوئی تھی۔

ڈاکٹر شرمیلا ٹیگور:

یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ بالی ووڈ کی ماضی کی خوبرو اداکارہ شرمیلا ٹیگور بھی اعزازی ڈاکٹر ہیں۔ شرمیلا ٹیگور کا تعلق رائل فیملی(شاہی خاندان) سے ہے تاہم انہیں شاہی خاندان کی فرد ہونے کے باوجود بھارتی فلم انڈسٹری میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے کے لیے اسکاٹ لینڈ کی ایڈن برگ نیپئر یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل چکی ہے۔

ڈاکٹر شلپا شیٹھی:

اس بات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ اداکارہ شلپا شیٹھی بھی ڈاکٹر ہیں لیکن یہی حقیقت ہے۔ اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا کو 2007 میں ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور اس حوالے سے لوگوں کا شعور اجاگر کرنے کیلئے  رینووڈ یونیورسٹی آف لیڈز کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل چکی ہے۔

ڈاکٹر ودیا بالن:

اداکارہ ودیا بالن ممبئی کی رائے یونیورسٹی سے فائن آرٹس میں پی ایچ ڈی کرچکی ہیں۔