10

ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران کم جونگ اُن کی میمز وائرل

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی سیاست میں ہلچل مچادی ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اس صورتحال کو طنز و مزاح کا رنگ دیتے ہوئے شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کو بھی بحث میں شامل کر دیا ہے۔

حالیہ دنوں مختلف پلیٹ فارمز پر کم جونگ اُن سے متعلق دلچسپ اور طنزیہ میمز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ یہ میمز ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شدید فوجی کارروائیوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد خطے میں کشیدگی میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین نے کم جونگ اُن کو ایک الگ زاویے سے پیش کیا ہے۔

اگرچہ موجودہ تنازع براہِ راست ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان ہے، مگر انٹرنیٹ پر کم جونگ اُن کو ایک ایسے "تماشائی" کے طور پر دکھایا جا رہا ہے جو عالمی ہنگامہ آرائی کو دور بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں۔ بعض میمز میں انہیں "فومو" یعنی موقع گنوانے کے خوف میں مبتلا مبصر کے طور پر پیش کیا گیا ہے، گویا وہ عالمی منظرنامے سے باہر رہ جانے پر پریشان ہوں۔

کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ میزائل تجربات اور جدید ہتھیاروں کی نمائش کے لیے مشہور رہنما اس وقت عالمی میدانِ جنگ سے مکمل طور پر غائب ہیں۔ ایک وائرل میم میں کم جونگ اُن کو دوربین سے دیکھتے ہوئے یا اسکرین پر نظریں جمائے دکھایا گیا ہے، جس کے ساتھ کیپشن درج ہے: "بیٹا، کیا تم صورتحال کی نگرانی کر رہے ہو؟"۔ اس انداز نے انہیں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کو فاصلے سے دیکھنے والے متجسس ناظر کے طور پر پیش کیا ہے۔

اسی طرح بعض میمز میں یہ تاثر دیا گیا کہ جدید ہتھیاروں کے "بہترین کھلونوں" کے باوجود انہیں موجودہ کشیدگی میں شامل نہ کیے جانے پر شاید نظر انداز کیے جانے کا احساس ہو رہا ہوگا۔

سوشل میڈیا کی یہ تخلیقی مگر طنزیہ لہر اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی سیاسی بحران بھی آن لائن دنیا میں مزاحیہ انداز اختیار کر لیتے ہیں۔