ماسکو: روس کے رن وے پر ہر طرف سونا بکھر گیا لیکن زیادہ حیران ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ سونا آسمان سے نہیں برسا بلکہ حادثاتی طور پر ایک جہاز سے گر گیا۔
روس کے شہر یاکوتس کے ایئر پورٹ سے اڑان بھرتے ہی کارگو کمپنی کے جہاز کا دروازہ اچانک کھل گیا جس کے بعد 9 ٹن سے زائد سونے کے بسکٹ اور قیمتی دھاتیں رن وے پر بکھر گئیں۔
سونا گرنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر حکام نے موقع پر پہنچ کر رن وے سے سونے کے بسٹکس اٹھانا شروع کردیے۔
رن وے پر سونے کے بسکٹس کی تصاویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد اس پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں جب کہ کچھ ٹوئٹر صارفین نے اسے سونے کی بارش قرار دیا۔
واقعے کے بعد پائلٹ نے 26 کلو میٹر کی دوری پر واقع دوسرے ایئر پورٹ پر طیارہ لینڈ کیا جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی انکوائری شروع کردی ہے۔