17

نکاح کے بہانے اسپین نژاد پاکستانی سے لاکھوں روپے بٹورنے والے میاں بیوی گرفتار

راولپنڈی: ہنی ٹریپ کے ذریعے نکاح کا جھانسہ دے کر اسپین نژاد پاکستانی شہری سے رقم ہتھیانے والے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق نیو ٹاؤن پولیس کی دو رکنی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا اور شہری سے لوٹی گئی 3 لاکھ 80 ہزار روپے نقد رقم اور موبائل فون برآمد کر لیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے نکاح کے بہانے متاثرہ شہری کو بلایا اور نکاح خواں کے ذریعے جعلی نکاح بھی کروایا، جس کے بعد رقم وصول کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا اور ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کیا گیا۔ زیر حراست ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق شہریوں کو آن لائن اور ذاتی ملاقاتوں کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس نوعیت کے فراڈ سے بچا جا سکے۔