کوہاٹ۔کوہاٹ کے علاقہ نوے کلے میں سابقہ چپقلش پر چار افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔پولیس نے فی الفور کاروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث چار ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ شام کوہاٹ ہنگو روڈ کے نواحی علاقہ نوے کلے کے موضع اتحاد کالونی میں سابقہ چپقلش کی بناء پر چار مقامی باشندوں محمد بلال،محمد رؤف ،محمد شفیق اوراحسان اللہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
واردات کے بعدملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے ملزمان کے خلاف فوری کاروائی کرنے اور انکی گرفتاری عمل میں لانے کا حکم دیدیا جس پر ڈی ایس پی سٹی رضا محمد اور ایس ایچ او تھانہ چھاؤنی انسپکٹر محمد علی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کی آپریشنل ٹیموں نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث چار ملزمان محمد قاسم ولد شاہ زمان، ،اسرارولدنسیم،فاروق ولدناصر اورافغان مہاجر جان محمدولد گل زمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالے خود کار ہتھیار2کلاشنکوف،2پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔
1118