49

بھارتی فضائیہ کا ایک اور جنگی طیارہ پرواز کے دوران لاپتا

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک جدید سخوئی جنگی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران اچانک لاپتا ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں ایک پائلٹ اور ویپن سسٹم آپریٹر سوار تھے۔

طیارہ آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ کے فضائی علاقے میں پرواز کر رہا تھا کہ اس دوران اس کا رابطہ کنٹرول روم سے اچانک منقطع ہو گیا۔ فضائیہ کے بیان کے مطابق یہ طیارہ جورہاٹ ایئربیس سے اڑا تھا اور آخری مرتبہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر اس سے رابطہ ہوا۔

رابطہ منقطع ہونے کے فوری بعد طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ علاقے کے بعض رہائشیوں نے اسی وقت جنگلاتی علاقے میں زور دار دھماکے کی آواز سننے کا دعویٰ بھی کیا ہے، جس کے باعث طیارے کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ طیارے اور اس کے عملے کا سراغ لگانے کے لیے فضائی اور زمینی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جبکہ واقعے کی اصل وجہ اور عملے کی حالت کے بارے میں معلومات تلاش کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔