802

سوا لاکھ روہنگیا مہاجرین کو سعودی اقامے جاری

مکۃ المکرمہ ۔ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کے محکمہ پاسپورٹ نے ایک لاکھ25ہزار سے زیادہ روہنگیا مسلمانوں کو 4 برس کیلئے مفت اقامے جاری کردیئے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمارکے ڈھائی لاکھ باشندے مکہ مکرمہ ریجن میں سکونت پذیر ہیں۔ ان سب کو اقامے جاری کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔جس کا آغاز 1434ھ میں کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ادارے نے اس اقدام پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان شہریوں کو اقامہ جاری کرنے پر متعدد ایسی سہولتیں دی جارہی ہیں جو دیگر ممالک کے شہریوں کو نصیب نہیں۔وہ سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ انہیں روزگار بھی ترجیحی بنیادوں پر دیا جارہا ہے۔ مکہ مکرمہ محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان کرنل محمد الحسین نے بتایا کہ روہنگیا مہاجرین کے اصلاح حال کی کارروائی 5مرحلوں پر مشتمل ہے۔