ٹوکیو: جاپان میں ایک شاہ (کنگ) پینگوئن کی ویڈیو ریلیز اس وقت زیرِ گردش ہے جس میں اسے گھر سے بازار اور بازار سے گھر آتے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن 1996 کی یہ ویڈیو اس لیے مقبول ہورہی ہے کہ اب ذہین پرندہ اس دنیا میں نہیں رہا۔
اس پینگوئن کو پیار سے لالا کا نام دیا گیا ہے اور اب وہ ایک گھرانے کا پالتو جانور بن چکا تھا لیکن یہ دنیا کا حیرت انگیز پینگوئن تھا جسے گھر سے بازار تک کا راستہ معلوم تھا۔ دس سالہ لالا ایک جال میں پھنس کر زخمی ہوگیا تھا اور اس کے بعد ایک گھرانے نے اس کا علاج کیا اور اس کے بعد وہ ان کے خاندان کا ایک حصہ بن گیا تھا۔
رئیل ٹی وی کمپنی نے لالا پر ایک چھوٹی فلم بنائی ہے جس میں اسے اپنے ایئرکنڈیشنڈ کمرے سے باہر نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سب سے پہلے گھر والے اس کی پشت پر ایک چھوٹا بیگ پہناتے ہیں کیونکہ وہ مارکیٹ سے مچھلی اپنے ہاتھوں میں نہیں لاسکتا ہے۔ اس کے بعد تازہ دم لالا بازار جاتا ہے جہاں مچھلی فروش اسے پہلے ایک مچھلی کھلاتی ہے۔ اس کے بعد کچھ سامان اس کے بیک پیک میں رکھتی ہے۔
اس کے بعد لالا مارکیٹ سے نکل کر گھر کا رخ کرتا ہے ۔ گھر پہنچنے تک اس کی چال میں تھکاوٹ دیکھی جاسکتی ہے کیونکہ یہ سرد برفیلے علاقوں کا جانور ہے۔ گھر جاتے ہی مالکان اس پر ٹھنڈا پانی انڈیل کر اسے تازہ دم کرتے ہیں اور وہ دوبارہ اپنے ٹھنڈے کمرے کا رخ کرتا ہے۔
ویڈیو میں لالا کو مالکان کے سامنے اس طرح دیکھا جاسکتا ہے گویا وہ ان کی باتیں سمجھتا ہے اور اپنا سر بھی ہلاتا ہے۔ یہ پرندہ اپنی مدد آپ کے تحت بازار جاتا ہے اور واپس گھر آتا ہے۔ لاکھ کوشش کے باوجود لالا اس گھر سے واپس نہیں جاتا ۔ حال ہی میں لالا اس دنیا سے رخصت ہوا ہے لیکن اب بھی اس کی یادیں باقی ہیں