1932

سری دیوی کی بیٹی جھانوی کے ٹوئٹ نے سب کو رُلا دیا 

ممبئی ۔سری دیوی کی نوجوان اور بڑی بیٹی جھانوی کپور نے اپنی والدہ کے انتقال کے ایک ہفتے بعد انسٹاگرام پر جذباتی اور پیار سے بھرا پیغام شیئر کیا، جسے پڑھتے ہی کئی آنکھیں نم ہوگئیں20 سالہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے پیغام میں مداحوں کو اپنے والدین سے محبت کرنے، ان کا خیال رکھنے اور ان کی قدر کرنے کی گزارش کی۔

جھانوی کپور نے اپنے جذباتی پیغام کا آغاز ہی اپنی والدہ کے انتقال کے بعد محسوس ہونے والے خالی پن سے کرتے ہوئے لکھا کہ والدہ کے انتقال کے بعد وہ خود کو تکلیف میں محسوس کر رہی ہیں کیوں کہ اب وہ جان چکی ہیں کہ انہیں والدہ کے بغیر ہی زندہ رہنا ہے۔جھانوی کپور نے لکھا ہے کہ وہ آنکھیں بند کرتی ہیں تو انہیں اپنی والدہ کی بہترین اور پیار کرنے والی باتیں یاد آتی ہیں، وہ اپنی والدہ کی صرف وہ ہی باتیں یاد کرتی ہیں جن میں کوئی حسد، کسی سے کوئی اختلاف اور کسی سے کوئی شکایت نہ ہوتی تھی۔

انہوں نے لکھا کہ ان کی والدہ کبھی بھی کسی سے حسد اور کسی سے اختلاف رکھنے جیسے معاملات کو سمجھ نہیں پاتی تھیں، وہ صرف محبت کرتی تھیں۔ساتھ ہی جھانوی کپور نے مداحوں سے یہ گزارش بھی کی کہ ان کی والدہ اور والد کے تعلقات کو منفی نہ سمجھا جائے، بلکہ ان کے رومانوی تعلقات کو صحیح طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔جھانوی کپور کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ان کی والدہ اور والد کے درمیان لازوال محبت تھی اور ان کی محبت امر ہے، کیوں کہ اس دنیا میں اس کے سوا کچھ بھی امر نہیں۔