عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پہلی بار ایک پاکستانی دوا کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی عالمی فہرست میں جگہ دی ہے، جس کے بعد اب اس دوائی کو بیرون ملک بھی برآمد کیا جاسکے گا۔
عالمی ادارہ صحت نے کراچی کی ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی ’گیٹز فارما‘کی ’موکسی فلوکساسن‘ نامی دوا کو اپنی انٹرنیشنل ٹینڈر لسٹ میں شامل کیا ہے۔
اس فہرست میں شامل دوائیوں کو دنیا کے دوسرے ممالک درآمد کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی جس دوا ’موکسی فلوکساسن‘ کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، وہ دنیا کی دیگر کمپنیاں بھی بناتی ہیں۔
یہ دوائی ’تپ دق‘ یعنی ٹی بی کے مریضوں کے لیے ہوتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے ’موکسی فلوکساسن‘ کی 400 ملی گرام گولیوں کو اپنی ٹینڈر فہرست میں شامل کرکے پاکستان کی دوا ساز صنعت کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔