3

پوپ لیو امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ بن گئے

کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے 2026 کے امریکی مڈٹرم انتخابات میں بذریعہ ڈاک اپنا ووٹ کاسٹ کردیا، جس کے بعد وہ امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ بن گئے ہیں۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق ویٹیکن نے تصدیق کی ہے کہ امریکی شہریت رکھنے والے پوپ لیو نے الینوائے کے مڈٹرم انتخابات کے لیے شکاگو میں اپنا میل اِن بیلٹ جمع کرایا۔

ویٹیکن کے ہولی سی پریس آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ لیو شہریوں کے جمہوری عمل میں حصہ لینے کے حق اور فرض پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ پوپ نے شکاگو میں ڈاک کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا۔ رپورٹ کے مطابق وہ ممکنہ طور پر کسی سیکولر جمہوری انتخاب میں ووٹ دینے والے بھی پہلے پوپ ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں جنگ اور امریکا میں تارکینِ وطن کے ساتھ سلوک جیسے معاملات پر پوپ لیو کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ اختلافات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔