پشاور۔پشاور کے علاقہ تہکال گلے بابا میں معمولی تنازعہ پر نوجوان نے اپنے والد ٗ چچا اور تین جوان بھائیوں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف ذاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔ دوسری جانب ایک ہی گھر سے 6 جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیاگھرمیں زندہ بچ جانے والی دوخواتین کومے میں چلی گئیں ۔
ایس پی کینٹ وسیم ریاض کے مطابق تھانہ تہکال کی حدود گلے بابا میں معمولی گھریلو تنازعہ پر 24 سالہ عبد اللہ ولد گل زادہ نامی نوجوان نے اپنے والد گل زادہ عرف جان محمد ولد شہزادہ عمر 52 سال، چچا فقیر محمد ولد شیزادہ عمر 50 سال، بھائی جواد عمر 16 سال، بھائی لقمان عمر 11 سال اور بھائی زیب اللہ عمر 18 سال پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ سینے اور چہروں پر متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملزم عبد اللہ نے فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کردیا۔
ایس پی کینٹ وسیم ریاض نے بتایا کہ ملزم عبد اللہ بظاہر ذہنی بیمار لگ رہا تھا جس نے معمولی تنازعہ پر 5 افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔