303

لوئر دیر کے ایم پی اے سے نوسرباز ہاتھ کر گئے

پشاور۔حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی کو اُن کے حلقے لوئر دیر پی کے 14میں پراجیکٹ کی مد میں نوسربازوں نے لاکھوں روپے سے محروم کردیا تھانہ شرقی پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی کے پرسنل سیکرٹری کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 14 لوئر دیر سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ہمایون خان کے پرسنل سیکرٹری بلال احمد ولد مختیار احمد ساکن اسبنڈ بازار لوئر دیر کی جانب سے تھانہ شرقی پولیس کو دیئے گئے ۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ’’ گزشتہ دنوں ایم پی اے ہمایون خان کو موبائل فون پر اسلام آباد سے ایک کال آئی تھی، دوسری جانب مخاطب شخص نے خود کو فیڈرل منسٹر ایجوکیشن کا پرسنل سیکرٹری ظاہر کرتے ہوئے ایم پی اے کو بتایا کہ یو ایس ایڈ کی جانب سے لوئر دیر کیلئے ایک پراجیکٹ دیا گیا ہے اور وہ یہ پراجیکٹ آپ کے حوالے کرنا چاہتے ہیں کیونکہ آپ کا تعلق حکمران جماعت سے ہے لہٰذا آپ نجی بینک فیصل بینک میں موجود اُن کے اکاؤنٹ میں 3 لاکھ روپے جمع کرادیں جس کے عوض آپ کو پہلے مرحلے میں پراڈوں گاڑیاں ملیں گی اور پھر پراجیکٹ کے دستاویزات۔ جس کے بعد میں نے رکن اسمبلی کی ہدایت پر بینک میں 3 لاکھ 85 ہزار 585 روپے جمع کرادیئے تاہم اگلے روز اُسی نمبر سے دوبارہ کال آئی اور مخاطب شخص نے مزید رقم جمع کرنے کی ہدایت کی تاہم اُنہیں شک گزرا تو معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ ایسا کوئی پراجیکٹ ہے ہی نہیں اور نہ ہی کال کرنے والا شخص منسٹر ایجوکیشن کا پرسنل سیکرٹری ہے ‘‘۔

درخواست میں ملزمان کے کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں 25 ٹیلی گراف ایکٹ، 419اور 420 کے دفعات چارج کئے گئے ہیں۔