150

حیات آباد ڈکیتی‘ ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کا انکشاف

پشاور۔حیات آباد فیز 6 میں تاجر کے گھر ڈکیتی کرنیوالے گروہ کے ماسٹر مائنڈ کو ساتھی سمیت گرفتار کرنیکا انکشاف ہوا ہے ابتدائی طور پر گروہ کے قبضے سے 50 تولے سونا اور واردات کے بعد شہری سے چھینی گئی موٹر کار برآمد کرلی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے جس میں سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے

واضح رہے کہ کچھ روز قبل تھانہ تاتارا کے علاقے فیز 6میں تاجر عاطف شہزاد ولد شاد محمد کے گھر میں تین رکنی مسلح ڈکیت گروہ نے گھس کر اہل خانہ کویرغمال بنایا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری موقع پر پہنچ گئی اور گھر کا گھیراؤ کرتے ہوئے آپریشن شروع کیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں گھر سے 70تولے سونا اور تین لاکھ کی نقدی سمیٹ کر فرار ہوگئے ۔

ملزمان واردات کے بعداپنی گاڑی چھوڑ کر اسلحہ کی نوک پر دوسرے شہری سے گاڑی چھین کر فرار ہوئے تھے بعدازاں واقعہ کی تحقیقات اور فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور تو پولیس نے لاہور کے علاقے سے گروہ کے ماسٹر مائنڈ شفیق کو ساتھی سمیت گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر 70 میں سے 50 تولے سونا اور واردا ت کے بعد شہری سے چھینی گئی موٹر کار برآمد کرلی واضح رہے کہ گرفتار ماسٹر مائنڈ کو گروپ کی جانب سے ’’آپریشنل کمانڈر ‘‘ کا نام دیا گیا تھا جو فرار ہونیوالے ڈاکو کا بھانجا ہے گروہ کافی عرصہ سے حیات آباد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں سرگرم تھا پولیس کا کہناتھاکہ سال رواں کے دوران حیات آباد سرکل میں پانچ ڈکیتی کی بڑی وارداتیں ہوئی اور یہ ان تمام وارداتوں میں یہی گروپ ملوث ہے۔