140

پشاور میں ’کلہاڑا‘ گروپ وارداتوں میں مصروف

پشاور۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ’’ہتھوڑا‘‘ گروپ کے حوالے سے لوگ ابھی بھولے نہیں کہ پشاور میں ’’کلہاڑا‘‘ گروپ کے انکشاف نے پولیس کو بھی مشکلات میں ڈال دیا ہے نواحی علاقے چمکنی محمد زئی میں میں 25 رکنی مسلح گروہ کے منظر عام پرآنے کا انکشاف ہوا ہے جو بغیر کسی مزاحمت کے کچھ ہی دنوں میں مسلسل گھروں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں اور خوب لوٹ مار میں مصروف ہیں گروپ کے ارکان نے نہ صرف کلہاڑے اٹھا رکھے ہوئے ہیں بلکہ بہت ساروں کے پاس اسلحہ بھی ہوتا ہے اور و ہ بغیر کسی خوف کے ہر رات ایک ہی وقت پورے کے پورے محلوں اور گلیوں کو یرغمال بناکر درجنوں گھروں میں لوٹ مار کرتے ہیں اور فرار ہوجاتے ہیں۔ 

اس ضمن میں پاکستان ویلفےئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک عالمگیر خان محمد زئی ٗ شمس الرحمان ٗ منور خان ٗ ملک نوشاد ٗ کونسلر انعام اللہ ٗ کونسلر ظفرگل اور دیگر کا کہناتھاکہ گزشتہ ایک ماہ سے 25 رکنی مسلح ڈکیت گروہ جن کے پاس کلہاڑے ٗ چھریاں ٗ اسلحہ اور سپرے سمیت دیگر مواد موجود ہوتا ہے کسی بھی گھر میں گھس کر لوٹ مار کر فرار ہوجاتے ہیں اوریہ سلسلہ تقریباً ایک ماہ سے جاری ہے۔ 40سے زائد گھروں کو لوٹ لیاگیا ہے دوسری جانب اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی چوکیداری شروع کردی ہے اور رات بھر چھتوں پر بیٹھ کر پیرا دے رہے ہیں اہل علاقہ کے مطابق کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیاگیا ہے کوئی شنوائی نہیں ہوئی لہٰذا نوٹس لیاجائے ۔