پشاور۔ تھانہ گلفت حسین شہید (ہشتنگری )کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع شادی ہال میں ولیمہ کی تقریب کے دوران دوگروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونیوالے مزید 2 افراد چل بسے جس سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ مخالف فریق سے بھی ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے دوطرفہ مقدمہ درج کرلیا جاں بحق ہونیوالوں میں معروف تاجر ملک الطاف بھی شامل ہے واضح رہے کہ پیر کی شب بلال ٹاؤن میں جی ٹی روڈ سے متصل واقع عامر پیراڈائز شادی ہال میں شاہ زیب نامی شخص کے ولیمے کی تقریب کے دوران دو فریقین آمنے سامنے آگئے جنہوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی فائرنگ کے نتیجے میں آصف نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھاجبکہ دیگر 7 زخمیوں کوہسپتال منتقل کیاگیاجہاں رات گئے معروف تاجر ملک الطاف اور لعل محمد بھی چل بسے جبکہ محمد ارسلان، شیر اکبر اور لعل مرجان ہسپتال میں زیر علا ج ہیں۔
دوسری جانب فائرنگ سے مخالف فریق نعیم جان ولد مبین جان سکنہ چغلپورہ شدید زخمی ہوگیا ادھر پولیس نے ملک الطاف کے بیٹے ملک عمر کی مدعیت میں ملک سلیم عرف کالا خان ولد ملک نذیر سکنہ لطیف آباد، مراد حسین، حکیم مشتاق اور دیگر 4 نامعلوم افرا دکے خلاف درج کرلیا جبکہ نعیم جان کی جانب سے ملک الطاف ٗ فیاض پسران گل محمد سکنہ شامی روڈ ٗ عمر علی ٗعامر الطاف پسران ملک لطاف ٗ تنویر ولد نامعلوم سکنہ گاڑیخانہ سمیت پانچ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
419