202

پشاور میں گھاس کاٹنے کے تنازعہ پر 3افراد قتل

پشاور۔تھانہ چمکنی کے علاقہ گڑھی عیسی خان میں گھاس کاٹنے کے تنازعہ پردوفریقین کے مابین دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جاں بحق ہونیوالوں میں باپ بیٹابھی شامل ہیں پولیس نے ایک ملزم کوگرفتار کرکے تہرے قتل کاکراس مقدمہ درج کرلیااورتفتیش شروع کردی تفصیلات کے مطابق پشاورکے نواحی علاقہ چمکنی گڑھی عیسی خان میں جمعہ کے روز دن کے وقت کھیتوں میں گھاس کاٹنے کے تنازعہ پرفریق اول ثمین اللہ اور فریق دوم جاوید اورخان محمد وغیرہ کے مابین جھگڑاہوگیااوردونوں فریقین نے مشتعل ہوتے ہوئے ایک دوسرے پرفائرکھول دیا۔

جس کے نتیجے میں تینوں افراد شدیدزخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپرہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ تینوں جاں بحق ہوگئے پولیس نے تہرے قتل کی واردات پر دونوں جانب سے قتل کے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔

پہلے مقدمے میں مدعی ابراہیم نے اپنے 28سالہ بھائی ثمین اللہ کے قتل کی دعویداری ملزمان جاوید اوراس کے والد خان محمدساکنان عیسی خان پرکی ہے جبکہ دوسرے مقدمے میں خان محمد کی اہلیہ کی مدعیت میں باپ بیٹے کے قتل کی دعویداری مقتول ثمین اللہ اوراس کے بھائیوں ابراہیم اورحسن اللہ پرکی ہے پولیس نے ایک ملزم ابراہیم کوگرفتارکرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔