بھارت میں ایک باپ نے نویں جماعت کے امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنے پر اپنے 15 سالہ بیٹے کو 2 کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے کی لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑی تحفے میں دے کر سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے ضلع مشرقی بردوان سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت شمس الدین مدیا نے اپنے بیٹے محمد طلحہ کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر بی ایم ڈبلیو M4 کمپیٹیشن تحفے میں دی۔
محمد طلحہ نویں جماعت کا طالب علم ہے اور اس نے ششماہی امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق طلحہ کافی عرصے سے اس گاڑی کا خواہش مند تھا جس پر والد نے اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے ممبئی جا کر مہنگی گاڑی خریدی جسے خصوصی کنٹینر کے ذریعے ان کے آبائی علاقے پہنچایا گیا۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ 15 سالہ طلحہ فی الحال اپنی نئی گاڑی خود نہیں چلا سکتا کیونکہ بھارتی قوانین کے تحت اس عمر میں کار چلانے کا لائسنس نہیں ملتا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال اپنے والد کے ساتھ گاڑی میں سفر کرے گا۔
اس غیر معمولی تحفے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی جہاں صارفین اتنی کم عمر میں کروڑوں روپے کی گاڑی تحفے میں ملنے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔









