7

اسحاق ڈار کا ازبک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوئی۔

رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پلیٹ فارمز پر اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

علاقائی ترجیحات کے حصول کیلئے قریبی رابطوں پر زور

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اور بختیار سعیدوف نے مشترکہ علاقائی ترجیحات کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی تعلقات اور علاقائی تعاون مختلف بین الاقوامی فورمز پر اشتراکِ عمل کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں۔