8

مشہور ہالی ووڈ اداکار اور ’پریزن بریک‘ کے جیل وارڈن اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

وارسا/لاس اینجلس (نیوز ڈیسک) — معروف امریکی ٹی وی سیریز ’پریزن بریک‘ (Prison Break) میں فاکس ریور جیل کے منصف مزاج وارڈن ہنری پوپ کا یادگار کردار ادا کرنے والے نامور ہالی ووڈ اداکار اسٹیسی کیچ (Stacy Keach) 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسٹیسی کیچ کا انتقال منگل کے روز پولینڈ میں ہوا، اور ان کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی نے امریکی شوبز جریدے ’ورائٹی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

اسٹیسی کیچ نے 2005ء میں شروع ہونے والی مقبول ترین ٹی وی سیریز ’پریزن بریک‘ کے پہلے اور دوسرے سیزن میں جیل وارڈن کا اہم کردار نبھا کر دنیا بھر میں بے پناہ شہرت حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’ٹائٹس‘ اور ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ سمیت کئی ٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا سب سے نمایاں اور تاریخی کردار پرائیویٹ جاسوس ’مائیک ہیمر‘ کا تھا جسے انہوں نے 1980 کی دہائی کی سیریز ’دی نیو مائیک ہیمر‘ اور 1997 سے 1998 تک ’مائیک ہیمر، پرائیویٹ آئی‘ کے علاوہ چار ٹی وی فلموں میں بھی نبھایا۔ 1988 کی ٹی وی منی سیریز ’ہیمنگوے‘ میں نوبیل انعام یافتہ امریکی ادیب ارنسٹ ہیمنگوے کا شاندار کردار ادا کرنے پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ وہ ایمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئے تھے۔ ان کی دیگر مشہور فلموں میں ’فیٹ سٹی‘، ’دی نیو سینچورینز‘، ’امریکن ہسٹری ایکس‘ اور ’فراسٹ/نکسن‘ شامل ہیں۔ اسٹیسی کیچ 2 جون 1941 کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر سوانا میں پیدا ہوئے تھے اور بچپن میں پیدائشی نقص کے باوجود اپنی سخت محنت اور عزم کے بل بوتے پر ہالی ووڈ کی دنیا میں ایک انمٹ شناخت چھوڑی۔