7

بالی ووڈ میں انڈر ورلڈ کا خوف واپس لوٹنے لگا: منوج باجپائی

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے فلمی شخصیات کو درپیش سیکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں ایک بار پھر انڈر ورلڈ کا خوف محسوس کیا جا رہا ہے، اگرچہ ماضی جیسی صورتحال نہیں لیکن جرائم کے طریقے تبدیل ہوچکے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران منوج باجپائی سے سوال کیا گیا کہ کیا بالی ووڈ میں ایک مرتبہ پھر انڈر ورلڈ کا خوف واپس آرہا ہے؟ اس پر اداکار نے کہا کہ وہ دور شاید دوبارہ نہ آئے جب پوری فلم انڈسٹری کو نشانہ بنایا جاتا تھا، تاہم اب جرائم کی نوعیت اور طریقۂ واردات تبدیل ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب حملوں کی منصوبہ بندی کسی دوسرے مقام پر بیٹھ کر کی جاسکتی ہے اور حملہ آور اپنے شوٹرز کو کسی ہدف پر حملے کے لیے بھیج سکتے ہیں، لیکن بعض اوقات نشانہ بننے والا شخص اصل ہدف نہیں ہوتا۔

ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد بالی ووڈ میں تشویش

منوج باجپائی نے گزشتہ ماہ اداکار ٹائیگر شروف پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے فلم انڈسٹری میں سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

ان کے مطابق گرفتار ملزمان کے بیانات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹائیگر شروف اصل ہدف نہیں تھے بلکہ ان کا نشانہ کوئی اور فلمی شخصیت تھی۔

رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر سلمان خان کو اصل ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، جبکہ اکشے کمار، امیتابھ بچن اور عامر خان کے گھروں کی بھی نگرانی کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔

امیتابھ بچن کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو

انٹرویو کے دوران امیتابھ بچن کی جانب سے ہر اتوار اپنے مداحوں کو بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے ہاتھ ہلانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

منوج باجپائی نے اس صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلمی شخصیات کو اپنی حفاظت کے لیے غیر معمولی انتظامات کرنا پڑ رہے ہیں۔

حکومتی اقدامات مؤثر ہونے کی امید ہے، اداکار

منوج باجپائی نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے فلمی شخصیات کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات مؤثر ثابت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی تشویش کا معاملہ ہے، تاہم ریاستی حکومت صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ ٹائیگر شروف پر مبینہ حملے کے بعد بالی ووڈ کی متعدد شخصیات نے اپنی سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے، جبکہ فلم انڈسٹری میں فنکاروں اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ سے متعلق بحث بھی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔