7

پاکستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 14 نومبر کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 12 نومبر کو شدت اختیار کرسکتا ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کررہا ہے، جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں میں موجود رہنے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب کے بعض علاقوں اور شمالی بلوچستان میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔

13 نومبر کو اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری

خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 نومبر کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کی پیشگوئی

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 سے 14 نومبر کے دوران مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

شمالی اور شمال مشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں بشمول کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔

14 نومبر کو موسم کیسا رہے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔

شہریوں اور مسافروں کو احتیاط کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے۔

پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔