9

ریڈیو پاکستان حملہ کیس؛ پشاور کی اے ٹی سی کی جانب سے کے پی کے معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ایک بار پھر وارنٹِ گرفتاری جاری

پشاور (نیوز ڈیسک) — پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) نے ’ریڈیو پاکستان حملہ کیس‘ میں مسلسل عدم حاضری پر خیبر پختونخوا کے معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے وارنٹِ گرفتاری ایک بار پھر جاری کر دیے ہیں۔ سہیل آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر رہنماؤں کو صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ منظرِ عام سے غائب ہیں۔ اس سے قبل وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں تصدیق کی تھی کہ معزول وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے چند ارکان کو حفاظتی تحویل (پری ونٹیو کسٹڈی) میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب، سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں کی بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے پشاور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں، تاہم وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے ان درخواستوں پر سماعت روکنے کا حکم جاری کیے جانے کے بعد ہائی کورٹ نے ان کیسز کو اپنی کاز لسٹ سے خارج کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ مئی 2023 میں سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پھوٹنے والے پرتشدد مظاہروں کی لہر کے دوران 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت پر ہونے والے مبینہ حملے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے سلسلے میں تھانہ ایسٹ کینٹ پشاور میں درج کیا گیا تھا۔