(نیوز ڈیسک) — ایمیزون کی کمپنی ’رِنگ‘ (Ring) نے گھروں اور کاروباری مراکز کی سیکیورٹی کے شعبے میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس دو نئے خودکار سیکیورٹی آلات متعارف کرا دیے ہیں، جن میں گھر کے اندر پرواز کرنے والا ڈرون کیمرا اور زمین پر چل کر نگرانی کرنے والا روبوٹ شامل ہیں۔ ’رنگ روبوٹکس‘ کے اس نئے منصوبے کے تحت پیش کی جانے والی ان ڈیوائسز میں ’رنگ ڈرون کیم‘ گھروں کے اندر پرواز کرکے نگرانی کرے گا، جبکہ ’رنگ روور کیم‘ کاروباری مراکز اور دفاتر میں زمین پر چلتے ہوئے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گا۔ یہ جدید نظام ایک ہی جگہ نصب رہنے کے بجائے ضرورت پڑنے پر خود متعلقہ مقام تک پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان دونوں آلات میں رِنگ کا تیار کردہ اے آئی نظام ’اے آئی پائلٹ‘ استعمال کیا گیا ہے، جو کیمروں، خصوصی ویژن ماڈلز، اندرونی سینسرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مدد سے ماحول کو سمجھتا ہے۔ پہلی مرتبہ استعمال سے قبل ان ڈیوائسز کے ذریعے گھر یا دفتر کا نقشہ تیار کیا جاتا ہے، جس کے بعد یہ آلات خودکار طریقے سے فرنیچر اور دیگر رکاوٹوں سے بچتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں۔
-
رنگ ڈرون کیم: گھروں کے لیے تیار کردہ اس ڈرون میں 2K ویڈیو ریکارڈنگ، 148 ڈگری تک دیکھنے کی صلاحیت، 360 ڈگری گھومنے والا کیمرا اور کم روشنی کے لیے ایل ای ڈی لائٹس نصب ہیں۔ یہ چارجنگ اسٹیشن پر رہتا ہے اور صارف کی درخواست پر یا الارم بجنے پر پرواز کرتا ہے۔ چارجنگ کے دوران اس کا کیمرا بند رہتا ہے۔
-
رنگ روور کیم: تجارتی مراکز کے لیے تیار کردہ اس روبوٹ میں 4K ویڈیو ریکارڈنگ، 360 ڈگری اسکیننگ، اونچائی بدلنے کے قابل کیمرا، سائرن، وارننگ لائٹس اور ٹو وے آڈیو کا فیچر موجود ہے۔
پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے کمپنی نے انکرپشن نظام اور واضح اشاروں کا استعمال یقینی بنایا ہے، تاہم گھروں کے اندر مسلسل حرکت کرنے والے کیمروں پر کچھ حلقوں کی جانب سے پرائیویسی کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ قیمت اور دستیابی کے اعتبار سے ’رنگ روور کیم‘ امریکا میں 16 دسمبر 2026 سے ایک ہزار ڈالر میں دستیاب ہوگا، جبکہ ’رنگ ڈرون کیم‘ کی فروخت ڈھائی سو ڈالر کے ساتھ 27 جنوری 2027 سے شروع ہوگی، البتہ ڈرون کے لیے امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (FCC) کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے۔








