3088

چاند پر فور جی انٹرنیٹ سروس کا منصوبہ تیار

نیویارک: امریکی خلائی ادارے ناسا اور فن لینڈ کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نوکیا نے چاند پر فور جی سیلولر نیٹ ورک کی تنصیب کے لیے شراکت داری کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چاند پر فور جی انٹرنیٹ سروس کے لیے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد چاند سمیت دیگر سیاروں پر انسانوں کے طویل المعیاد قیام کو ممکن بنانا ہے۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا ایک راکٹ رواں سال کسی وقت ایک سادہ 4 جی نیٹ ورک کو چاند پر پہنچائے گا۔ اس مشن میں موجود لینڈر 4 جی نیٹ ورک کو چاند کے قطب جنوبی میں نصب کرے گا جس کے بعد اسے زمین سے کنٹرول کیا جائے گا۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے اسپیس ٹیکنالوجی مشن ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر والٹ اینگلیونڈ کے مطابق پہلا چیلنج تو یہ ہے کہ مناسب حجم، وزن اور پاور سے لیس ایسا نیٹ ورک تیار کیا جائے جسے انسانوں کے بغیر نصب کرنا ممکن ہو اور وہ چاند پر کام بھی کرتا رہے۔

واضح رہے اس 4 جی نیٹ ورک یونٹ کو فن لینڈ کی کمپنی کی لیبارٹری میں تیار کیا جا رہا ہے جو متعدد کمرشل ٹیکنالوجیز سے لیس ہوگا، یہ نیٹ ورک بہت زیادہ درجہ حرارت، ریڈی ایشن اور خلائی ماحول میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔