1002

شہریوں کے مسائل حل کیلئے سافٹ ویئر تیار کرنیکا فیصلہ 

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں عام شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کمپیوٹر سافٹ ویئر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسکی بدولت شہری اپنی مدد آپ کے تحت مسائل کی نشاندہی حکام بالا کے نوٹس میں لا سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عالمی بینک کے تعاون سے صوبہ بھر میں آئی ٹی تعلیم یافتہ نوجوانو ں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رہا ہے جو بلدیاتی حکومت کے اداروں کے ساتھ چھ مہینوں تک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سافٹ ویئر تیار کریں گے ۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عام آدمی کو درپیش مسائل کی ایک فہرست تیار کرکے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکو ارسال کی جائے تاکہ ا س پر سافٹ ویئر تیار ی کا کام شروع کیا جاسکے۔ اس مقصد کیلئے محکموں کو مسائل کی د و مثالیں بھی دی گئیں ہیں جیساکہ کسانوں کو درپیش مسائل اور پشاور میں آلودہ پانی کا مسئلہ ۔اس ضمن میں جاری تفصیلی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 2014میں شروع کئے گئے۔

انوویشن فیلو شپ پروگرام تحت تین مراحل میں سات مختلف محکموں کیلئے جدید سافٹ ویئر تیار کئے ہیں جن سے شہری بہتر طور پر مستفید ہورہے ہیں ۔ان محکموں میں سیا حت و ثقافت ، قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ، صنعت و تجارت ، صحت ، ٹریفک پولیس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور واپڈا شامل ہیں ۔