6

عمران خان سے وکلا کی ملاقات ہوگئی، حکومت نے کسی آئینی ترمیم پر کام شروع نہیں کیا: عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وکلا کی ملاقات ان کا مطالبہ تھا، جسے پورا کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے تاحال 28ویں آئینی ترمیم پر باضابطہ کام شروع نہیں کیا، تاہم اگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی تو پہلے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

عمران خان سے سینئر وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جو تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات میں بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ دونوں وکلا نے عمران خان کے ساتھ قانونی معاملات، زیر سماعت مقدمات اور مختلف درخواستوں پر تفصیلی مشاورت کی، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

28ویں آئینی ترمیم پر ابھی کام شروع نہیں ہوا، عقیل ملک

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک کسی آئینی ترمیم پر باضابطہ طور پر کام شروع نہیں کیا۔ اگر مستقبل میں ایسی کوئی تجویز زیر غور آئی تو سب سے پہلے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، تاہم ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بنائے جاسکتے۔

عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکلا نے ملاقات کی درخواست کی تھی، جس کے بعد انہیں ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا۔ ملاقات کے لیے ایک گھنٹے کا وقت مقرر تھا، تاہم یہ مقررہ وقت سے زیادہ جاری رہی۔ ان کے مطابق ملاقات کا دورانیہ بڑھنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکیں۔

نئے صوبوں کے قیام پر پارلیمنٹ میں بحث کا امکان

وزیر مملکت نے بتایا کہ امکان ہے 16 نومبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ہوں گے، جہاں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جمع کرائی گئی قراردادوں پر بحث ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم مختلف ارکان کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں جمع کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت موجود ہے۔ 2025 میں خیبرپختونخوا اسمبلی نے ہزارہ صوبے کے قیام کے لیے قرارداد منظور کی تھی، جبکہ پی ٹی آئی ارکان نے بھی اس حوالے سے قرارداد جمع کرائی تھی۔

عقیل ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ دیگر علاقوں میں نئے صوبے بنائے جاسکتے ہیں، لیکن سندھ کو تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق عوامی مفاد سے متعلق آئینی ترامیم پر اپوزیشن جماعتیں بھی حکومت کا ساتھ دے سکتی ہیں۔

عمران خان کی رہائی عدالتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، وزیر مملکت

بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق سوال پر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عمران خان کی رہائی عدالتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے تو پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں، تاہم قانونی اور انتظامی معاملات اپنے طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنے چاہئیں۔

سیاسی ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں، غلط فہمیاں دور ہوں گی، قمر زمان کائرہ

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہئیں کیونکہ اس سے غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بھی اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کی حمایت کرتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے نئے صوبوں کے حوالے سے کہا کہ جہاں عوام کا مطالبہ موجود ہے وہاں نئے صوبوں کے قیام پر غور ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب میں نئے صوبے بنانا چاہتی ہے تو اس پر پیش رفت کرسکتی ہے، تاہم پیپلز پارٹی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبوں کا مطالبہ نہیں کررہی۔

انہوں نے زور دیا کہ جن اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور کی ہیں، ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے اور یہ فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق کیا جانا چاہیے۔

سیاسی رابطوں کے فقدان کو بھی مسئلہ قرار دے دیا

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر اپنے کارکنوں، ارکان قومی اسمبلی اور ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے سے گورننس کے مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے چوہدری سالک کے معاملے کو زیادہ سنجیدہ قرار نہیں دیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی عمران خان سے ملاقاتوں کی حمایت کرتی رہی ہے۔ اگر تحریک انصاف کسی معاہدے کے تحت اپنے بانی کے لیے کوئی ریلیف حاصل کرتی ہے تو پیپلز پارٹی کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور باہمی بات چیت میں ہے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ بھی عوامی خواہشات اور آئینی و پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔