پشاور۔تھانہ بھانہ ماڑی کے علاقے منکراؤ میں دوبئی پلٹ شخص کے اندھے قتل کا ایک ماہ بعد سراغ لگا لیا گیا مقتول کو منگیتر کی ایماء پر خالہ زاد بھائی نے گھر کی دہلیز پر قتل کیا تھا پولیس نے منگیتر ٗ خالہ زاد اور اس کے سہولت کار کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیاقتل سے دو ہفتوں بعد مقتول کی شادی تھی جس کے تیاریاں مکمل تھیں گرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں واردات کا اعتراف کرلیا ہے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے ڈی ایس پی سبرب فضل واحد خان اور ایس ایچ او بھانہ اعجاز نبی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 23 فروری کوسجاد علی ولدحاجی ایاز سکنہ منکراؤ نے رپورٹ اس کا 24سالہ بھائی امتیاز جو7سال بعد پاکستان آیا تھا جس کی 7 مارچ کو شادی طے تھی مقتول وقوعہ کے روز گھر میں موجود تھاکہ اس دوران کسی نے موبائل پر فون کرکے باہر آنے کا کہا جیسے ہی وہ گھر سے نکلا تو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کی تو انکشاف ہواکہ دوبئی پلٹ شخص کو اپنے خالہ زاد بھائی نے اس کی منگیتر ریما جو مقتول کی پھوپھی زاد تھی کی ایماء پر ملزم سیاب ولد نواز خان نے فائرنگ کرکے قتل کیا پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے دوست عابد سے موٹر سائیکل لی تھی جبکہ قتل کا عابد کو علم تھا ادھر پولیس نے کاروائی کرکے خاتون سمیت تینوں ملزموں کوگرفتار کرلیا پولیس کے مطابق ملزم سیاب اور ریما شادی کرنا چاہتے تھے۔
اس لئے امتیاز کو قتل کرکے راستے سے ہٹایا پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔بعد ازاں ملزم نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محبت کی خاطر اپنے خالہ زاد کو قتل کرنے والے ملزم سیاب نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ اس کے ریما کے ساتھ گزشتہ 4سال سے تعلقات تھے کئی بار گھر سے بھاگ کر شادی کرنے کا ارادہ بھی کیا لیکن موقع نہیں مل رہا تھا ہر روز وہ ریما سے ملنے اس کے گھر جایا کرتا تھا۔
دونوں نے ایک دوسری کے ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھائی تھیں ملزم کا کہناتھاکہ ریما نے طعنہ دیا تھا کہ اس کی امتیاز کے ساتھ اگلے ہفتہ شادی ہے اور تم کچھ نہیں کررہے میں اس وقت تک تم سے بات نہیں کروں گی جب تک مسجد میں امتیاز کے جنازہ کا اعلان نہ ہو جس پر وہ طیش میں آگیا اور اپنے گھر سے پستول اٹھا کر دوست سے موٹر سائیکل لیکر امتیاز کے گھر پہنچ گیا جہاں موقع ملتے ہی اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا سیاب نے بتایاکہ جب امتیاز کو قتل کیا تووہ بہت خوش تھا کہ اب خوشی خوشی شادی کرینگے اورسارا واقعہ اپنے دوست عابد کو سنایا لیکن اسے کیا معلوم تھاکہ وہ گرفتار ہوجائے گا۔
686