وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ افراد متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی سرگرمیوں کے باعث گرفتار ہوئے تھے اور سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں پاکستان ڈی پورٹ کیا گیا۔
ملزمان کی شناخت بختیار، عدنان اشرف، محمد جمشید اور سکندر عباس کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے شہروں حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور گجرانوالہ سے ہے۔ یہ افراد ایمرجنسی پاسپورٹ کے ذریعے وطن واپس پہنچے تھے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افراد انسانی اسمگلنگ اور جسم فروشی جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی اور اس کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی تعاون بھی ضروری ہے۔
