444

کوہاٹ میں پولیس مقابلہ ٗ ایس ایچ او جاں بحق

کوہاٹ۔کوہاٹ میں پولیس مقابلہ کے دوران اشتہاری کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ استرزئی شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ تبادلہ میں مطلوب اشتہاری مجرم بھی مارا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ استرزئی سب انسپکٹر عباس علی نے گزشتہ شب پولیس نفری کے ہمراہ خادیزئی کے علاقہ سپینہ خاورہ میں اغواء کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کینخاب علی ولد عسکرعلی کے گھرپر اچانک چھاپہ مارا پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اشتہاری مجرم نے اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ استرزئی سب انسپکٹر عباس علی شدید زخمی ہوگئے جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر جام شہادت نوش کرگئے۔

پولیس کی جوابی کاروائی میں فائرنگ تبادلہ کے دوران مطلوب اشتہاری مجرم کینخاب علی بھی مارا گیا ۔کاروائی کے دوران پولیس نے مارے جانیوالے حملہ آور اشتہاری کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اوردرجنوں کارتوس بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔ادھر شہید ایس ایچ او عباس علی کی نماز جنازہ منگل کی صبح پولیس لائن کوہاٹ میں ادا کردی گئی ۔

جنازے میں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن اول خان ،ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت،ایم پی اے ضیاء اللہ خان اوردیگر پولیس افسران و اہلکاروں کے علاوہ شہید کے والد اور دیگر رشتہ دارون نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شہید کا جسد کاکی پولیس لائن لایا گیا تو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو آخری سلام پیش کی بعد ازاں شہید ایس ایچ او عباس علی کی میت اپنے آبائی علاقے صدہ لوئرکرم ایجنسی روانہ کردی گئی جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا ۔واقعے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں درج کرلیا گیا ہے۔