15

بنوں کینٹ میں دہشتگردوں کا حملہ پسپا، 5 جوان شہید

بنوں: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں کینٹ میں دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ جھڑپ میں 5 جوان مادر وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 مارچ کو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے بنوں کینٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے جرات اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور تمام حملہ آوروں کو مار گرایا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

شدید جھڑپ کے دوران 5 فوجی شہید ہوگئے، جبکہ ایک مسجد اور رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں 13 شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ حملے میں افغان شہری ملوث تھے اور اس کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔