پشاور۔پشاور کے نواحی علاقہ چمکنی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا، قتل کئے گئے افراد میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ترناب فارم لالا کلے کے رہائشی اورنگزیب ولد ایوب خان نے بتایا کہ رات تقریبا 2 بجے کے قریب فائرنگ کی آواز سن کر وہ اپنے بھتیجے یحیی ولد ذکریا کے گھر آیا تو وہاں یحیٰ اس کی اہلیہ 26 سالہ کائنات، بیٹوں دوسالہ شعیب، پانچ سالہ ذوہیب اور سالی ستراسالہ ایشا دختر فقیر حسین ساکن نوتھیہ کی قتل شدہ لاشیں پڑی تھی۔
اورنگزیب نے مزید بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت نہیں ہے۔پولیس کے مطابق واردات میں 9 ایم ایم پستول استعمال ہوا ہے اور تمام افراد کو سروں میں ایک ایک گولی ماری گئی ہے۔ بظاہر حملہ آور ایک ہی تھا کیونکہ جائے وقوعہ سے ملنے والی گولیوں کے خول ایک ہی پستول سے فائر کئے گئے لگتے ہیں جبکہ ملزم واردات کے بعد مکان کے عقب میں واقعے راستے سے فرار ہوئے۔
واقعہ ڈکیتی کا نہیں لگتا کیونکہ مقتول یحیی ایک غریب شخص تھا اور پشاور یونیورسٹی میں درجہ چہارم کا ملازم تھا۔پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
302