13

پشاور: دلہن کی پراسرا ر موت اور دولہے کی بیہوشی معمہ بن گئی

پشاور: تھانہ سربند کے علاقے باڑہ قدیم مہاجر کیمپ میں شادی کی دوسری رات دلہن کی پراسرار موت اور دولہے کے بے ہوش ہونیوالے واقعہ کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیاگیا۔

پولیس نے دلہن کا پوسٹمارٹم کرنیوالی ٹیم سے بھی رابطہ کرلیا دوسری جانب کمرے سے تحویل میں لی گئی کھانے پینے کی اشیاء بھی لیبارٹری ٹسٹ کیلئے ارسال کردی گئیں۔

سربند پولیس کے مطابق باڑہ قدیم مہاجر کیمپ میں نوید ولد میرویس ساکن افغانستان کی اتوار کے روز شادی ہوئی تھی تاہم پیر کی صبح تقریبا 5 بجے اہل خانہ نے نو بیاہتا جوڑے کو جگانے کیلئے دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی آواز نہ آئی جس پر انہوں نے کھڑکی توڑی تو اندر دونوں بے ہوشی کی حالت میں پڑے تھے جنہیں اہل خانہ نے طبی امداد کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے دلہن کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کیلئے گھر کے افراد کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کا بھی معائنہ کیاجارہا ہے پولیس کے مطابق دولہے ہوش میں آچکا ہے لیکن بات کرنے کے قابل نہیں جسے ہی اس کی حالت بہتر اور بات کرنے کے قابل ہوجائیگا صورتحال واضح ہوجائیگی۔