کراچی: کچے کے علاقے میں رینجرز اور پولیس کے آپریشن میں بدنام زمانہ امداد بھیو اپنے بھائی سمیت مارا گیا جبکہ اس کے پانچ ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے تین ہندو تاجروں کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کی پریس ریلیز کے مطابق کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے، ہفتے کو اطلاع ملی کہ امداد بھیو اپنے ساتھیوں سمیت کچے کے علاقے میں موجود ہے۔
رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر انھیں پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ رینجرز اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے بدنام زمانہ امداد بھیو اپنے بھائی نظیر سمیت مارا گیا۔
رینجرز نے پانچ جرائم پیشہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تین ہندو تاجروں کو باحفاظت بازیاب کرالیا۔
مرنے والے امداد بھیو کے سر کی قیمت حکومت سندھ نے 30 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ بھیو نے 3 ہندو تاجر اور 5 بینک ملازمین کو اغوا کرکے ان سے تاوان وصول کیا تھا۔ مرنے والا امداد بھیو قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔