127

پسند کی شادی، جوڑے نے حالات سے تنگ آکر نالے میں چھلانگ لگادی، لڑکا جاں بحق

 راولپنڈی: تھانہ کہوٹہ کےعلاقےمیں انٹرنیٹ پردوستی کے بعد شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے نے حالات سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی جس میں لڑکا جاں بحق جبکہ لڑکی کو بچالیا گیا۔

پولیس کے مطابق  کلرسیداں کےعلاقے کی رہائشی21سالہ کمپیوٹرکی طالبہ کے اغواکامقدمہ تھانہ کلر سیداں میں نامعلوم افراد کے خلاف درج تھا،پولیس مغویہ کی تلاش میں مصروف تھی کہ  اطلاع ملی کہ تھانہ کہوٹہ کی حدود میں نالہ لنگ میں ایک جوڑے نے خودکشی کی غرض سے پانی میں چھلانگ لگادی ہے۔

مقامی افراد نے لڑکی کو زندہ بچا لیا لیکن لڑکے کا سراغ نہ لگایا جاسکا۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے لڑکے کو تلاش کیا تاہم اسوقت تک وہ دم توڑ چکا تھا، ریسکیو ٹیموں نے لڑکے کی لاش اورلڑکی کواسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت زین عنصر کے نام سے ہوئی جو کہوٹہ کے علاقے کا رہائشی تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لڑکی کی شناخت اغوا ہونے والی طالبہ کے طور پر ہوئی جس کا مقدمہ یکم جون کو تھانہ کلرسیداں میں درج کرایا گیا تھا۔

لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی انٹرنیٹ پر کہوٹہ کے رہائشی  23 سالہ زین عنصر سے انٹرنیٹ پر دوستی ہوئی، دونوں کو گانے کا شوق تھا۔ لڑکی کامزید کہنا تھا کہ دونوں نے کورٹ میرج کی اور پھر چند روز لاہورکے مخلتف مقامات پر گھومتےرہے اور پھرواپس آگئے۔

لڑکی نے بتایا کہ معاشی اور دیگر مسائل سے تنگ آکر ہم دونوں نے ایک ساتھ نالہ لنگ میں کود کو خودکشی کا فیصلہ کیا اور پھر ہاتھ پکڑ کر گہرے پانی میں چھلانگ لگائی۔