80

خاتون کی کمسن بچے کے ہمراہ دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر خودکشی

 آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رواں ماہ خودکشی کا دوسرا واقعہ سامنے آیا ہے، خاتون نے اپنے کمسن بچے کو دریا میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

 

پولیس کے مطابق مظفرآباد میں دریائے نیلم اور جہلم کے سنگم پہ واقع ’دومیل پل‘ سے نامعلوم خاتون نے کم سن بچے سمیت دریا میں چھلانگ لگا دی، اس ماہ 5 مئی کو بھی ایک خاتون نے اپنی بچی سمیت دریا میں کود کر خود کشی کر لی تھی جن کی ڈیڈ باڈیز نہیں ملی تھیں۔

 

اس افسوسناک واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے پہلے بچے کو دریا میں پھینکا اور پھر خود بھی دریا میں چھلانگ لگا دی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چھلانگ لگانے والی خاتون کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، دریائے جہلم میں پانی کا بہاو تیز ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، ریسیکو اہلکار کا کہنا ہے کہ دریا جہلم میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے زندہ بچ جانے کا امکان بہت کم ہے۔