کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر کو 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
استغاثہ بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب ہوگیا، جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ذبیحہ خٹک نے جرم ثابت ہونے پر ملزم شبیر کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی اور10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید مزید کاٹنی ہوگی۔ تیزاب سے کسی کو جلانا قتل سے بڑا جرم ہے۔ ملزم اپنی صفائی میں شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
استغاثہ کے مطابق واقعہ جون 2021 کو پیش آیا تھا۔ ملزم نے اپنی بیوی ہاجرہ پر تیزاب پھینکا۔ شور مچانے پر متاثرہ خاتون کا بچہ قریب ہی رہائشی اپنی نانی کو بتانے گیا۔ متاثرہ خاتون کی والدہ محلے والوں کے ساتھ گھر پہنچی، تاہم ملزم اس وقت تک فرار ہو چکا تھا۔ بعد ازاں مقدمہ درج ہوا اور ملزم چند دنوں بعد گرفتار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے بیان دیا تھا کہ اس واقعے سے ایک ماہ قبل ملزم نے مجھے چاقو اور چوپر سے مارنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران اس کی والدہ نے گھر پہنچ کر اسے بچالیا۔ اس واقعے پر تھانہ پولیس کو رپورٹ کیا گیا اور چاقو وغیرہ بھی دیے، تاہم ملزم نے معافی مانگ کر دوبارہ ایسی حرکت کرنے سے باز رہنے کا عہد کیا تھا۔ خاتون کے مطابق تیزاب والے واقعے سے 2 دن قبل غسل خانے میں تیزاب کی بوتل دیکھی تھی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ خواجہ اجمیر نگری میں درج کیا گیا تھا۔