62

یوم صحافت پر خضدار میں دھماکا، صحافی صدیق مینگل جاں بحق، 10 افراد زخمی

ایک جانب جہاں دنیا بھر میں صحافی برادری یوم صحافت منا رہی ہے وہیں پاکستان میں صحافی اس روز بھی اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی دیکر اس شعبے کو سرخرو کر رہے ہیں۔

خضدار میں دھماکے سے صحافی محمد صدیق مینگل جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ پر سلطان ابراہیم خان روڈ پر ریموٹ کنٹرول دھماکے سے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایچ او خضدار سٹی کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد صدیق مینگل کے نام سے ہوئی ہے جو مقامی صحافی تھے۔

محمد صدیق مینگل اپنے گھر سے یونیورسٹی جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

محمد صدیق مینگل خضدار پریس کلب کے صدر اور مقامی اخبار سے وابستہ تھے، ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صدیق مینگل پر چند ماہ قبل فائرنگ بھی ہوئی تھی تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔