28

ملت ایکسپریس واقعہ: اب تک کے بیانات کے مطابق خاتون نے خود چھلانگ لگائی، ترجمان ریلوے

فیصل آباد: ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے اور پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد کیس میں ترجمان ریلوے نے کہا ہےکہ ابھی تک کے بیان کے مطابق خاتون نے خود چھلانگ لگائی ہے۔

  ترجمان ریلوے بابر علی رضا نے کہا کہ خاتون کسی دوسرے مسافر کی جگہ آکر بیٹھی تھیں، جس مسافرکی جگہ خاتون آکر بیٹھیں اس نے کہا کہ آپ اس جگہ سے اٹھ جائیں، خاتون دوسرے مسافر کی سیٹ سے نہیں اٹھیں اور اس کے سامان کو خاتون نے بکھیرنےکی کوشش کی، جب یہ سارا معاملہ ہوا تو پولیس اہلکار میر حسن کو بلایا گیا، میر حسن نے خاتون سے پہلے منت سماجت کی لیکن وہ خاتون اس مسافرکی جگہ سے اٹھنے پر آمادہ نہیں ہوئیں، اس کے بعد جو ہوا ہے وہ سب ویڈیو میں ہے، یہ ساری معلومات وہاں پر موجود مسافروں سے ملی ہے۔

ترجمان ریلوے نے کہا کہ کہا گیاکہ کس طرح کے پولیس اہلکار ہیں جو 20 ،25 منٹ سے اس خاتون سے درخواست کر رہے ہیں ان کو ہٹائیں یہاں سے،اس کے بعد جو پھر پولیس اہلکار نے کیا وہ پھر آپ سب کے سامنے ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار خاتون کو دوسرے ڈبے میں لے گیا، ایک دو چینلز پر چلایا جا رہا تھا کہ اہلکار نے خاتون کو قتل کیا، خاتون کی لاش چنی گوٹھ کے قریب رلی تھانہ ملتان ڈویژن سے ملی ہے،  اس اہلکار کی سی ڈی آر بھی نکالی گئی ہے، سی ڈی آر کے مطابق 7 اور 8 تاریخ کو اہلکار کا کراچی حیدرآباد میں ہی ہونا پایا جاتا ہے،7 تاریخ کو 7 بج کر 25 منٹ پر حیدر آباد میں اسلحہ جمع کراتے نہ صرف اسٹیشن عملے نے دیکھا ہے بلکہ اس کا رجسٹر میں بھی ریکارڈ موجود ہے کہ وہ حیدرآباد میں اتر گیا تھا، اہلکار کو مسافروں نے حیدرآباد کے بعد بھی نہیں دیکھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون کے ٹرین سے چھلانگ لگانے پر مسافروں نے شورڈالا ہے، ابھی تک کے بیان کے مطابق خاتون نے خود چھلانگ لگائی ہے لیکن ہم کسی پہلو کو نظر انداز نہیں کر رہے، ہمارے پاس مسافروں کی اسٹیٹمنٹ موجود ہیں کہ جس کے مطابق خاتون کو دوسرے ڈبے میں رکھا گیا ہے، خاتون کو کسی ایسی جگہ پر نہیں رکھا گیا تھا جہاں کوئی دوسرا موجو د نہ ہو۔


ترجمان پاکستان ریلویز  کا کہنا تھاکہ اہلکارمیر حسن کے ابتدائی بیان کے مطابق خاتون کو دوسرے ڈبے میں لے گیا تھا، اہلکار میر حسن ضمانت پر ہے، آج دوبارہ عدالت میں جائیں گے تاکہ اس کی ضمانت منسوخ کرائی جاسکے، انکوائری کا آغاز ہے ، میر حسن کو دوبارہ بلایا جائے گا،  جس نےخاتون پر ہاتھ اٹھایا اسے نہیں چھوڑا جائےگا،  ایف آئی آر ریلوے نے خود درج کرائی ہے، متعلقہ ریل کے ڈبے کے مسافروں سے رابطہ کررہے ہیں،کچھ سےرابطےکر بھی لیے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بچوں اور مسافروں کے بیانات بھی لیے جائیں گے، مسافروں نے خاتون کو ٹرین سے چھلانگ لگاتے دیکھ کر شور مچایا، چھلانگ لگانے پر بچنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔