اسلام آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے مولانا مسعود الرحمن عثمانی قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم قیصر عباس کے گھر سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہونے پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسلام آباد میں مولانا مسعود الرحمٰن عثمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے آلہ قتل کی برآمدگی کے لئے رتہ امرال راولپنڈی میں ملزم کی نشاندہی پر چھاپہ مارا گیا، مرکزی ملزم قیصر عباس کے گھر سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہو گیا، تھانہ رتہ پولیس نے اسلحہ برآمدگی پر اسلام آباد پولیس کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا۔
واضح رہے کہ مرکزی ملزم نے ساتھی ملزمان مجتبی علی،یاور عباس اور فریاد علی کے ہمراہ مولانا مسعود الرحمن عثمانی کو نشا نہ بنایا تھا، فائرنگ سے مولانا مسعود الرحمٰن عثمانی جاں بحق ہوئے تھے جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوا تھا۔