اسلام آباد(زاہد گشکوری، ہیڈ ہم انویسٹی گیشن ٹیم)فیض آباد دھرنا کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، سرکاری ذرائع نے ہم انویسٹگیشن ٹیم کو بتایا ہے کہ کمیشن کے ٹی او آرز میں اضافہ کردیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فیض آباد کمیشن مقدمے کیخلاف ہونے والی اپیلوں اور انکی اچانک واپسی کے محرکات کی تحقیقات کریگا، کمیشن ضرورت پڑنے پر کیس سے جڑی شخصیات کے بیانات بھی ریکارڈ کریگا۔
نئے ٹی او آر کی روشنی میں کمیشن کیس سے متعلق تمام رپورٹس، دستاویزات اور بیانات کا ریکارڈ حاصل کریگا،کمیشن کے ممبران حاصل دستاویزات کا فرانزک تجزیہ اور متعلقہ افراد کے بیانات قلم بند کرینگے، میشن اپنی کارروائی اگلے چار ہفتے میں مکمل کریگا، نئے ٹاسک کو مکمل کرنے کیلیے دو ہفتے کا مزید وقت درکار ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے سابق ڈی جی آئی ایس ائی لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو بھی طلب رکھا ہے، حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو فیض آباد دھرنا کمیشن نے دوسری بار طلب کیا ہے۔
حکومتی ذرائع تاہم اس بات کی تردید یا تصدیق نہیں کررہے آیا فیض حمید کمیشن کے سامنے پیش ہوئے کہ نہیں؟۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فیض حمید کو طلبی کا نوٹس وزارت دفاع کے ذریعے بھجوایا گیا تھا، لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو دسمبر کے دوسرے ہفتے میں بھی طلب کیا گیا تھا، نوٹس وقت پر وصول نہ ہونے سے لفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے تھے ۔