32

کراچی میں تاجر کا اغوا، ملزمان نے ایک کروڑ تاوان لے کر بھی کان کاٹ دیا

شہر قائد کے علاقے گڈاپ تھانے کی حدود میں خود کو سی ٹی ڈی کا اہلکار ظاہر کر کے افغان گروہ نے پولٹری فارم کے مالک کو اغوا کیا اور ایک کروڑ تاوان وصول کر کے اُسے کان کاٹ کر رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ تھانے کی حدود بقائی کیڈٹ کالج کے قریب 12 دسمبر 2023 کو کچے راستے میں ایک گاڑی میں سوار چار مسلح ملزمان نے  پولٹری فارم کے مالک محمد حارث الرحمان کو ڈرائیور سمیت اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اپنا تعلق انسداد دہشت گردی فورس سے ظاہر کیا۔

اغواء ہونے والے تاجر محمد حارث الرحمان کے بھائی نے گڈاپ تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرادیا۔ مقدمہ نمبر 569/23 کے متن کے مطابق مسلح ملزمان کالے رنگ کی گاڑی میں موجود تھے جس میں ایک کے پاس کلاشنکوف اور تین کے پاس پستول موجود تھی۔

ملزمان نے گڈاپ تھانے کی حدود سے حارث الرحمان کو ڈرائیور سمیت اغواء کیا اور کچھ فاصلے پر ڈرائیور اصغر کو چھوڑ دیا، جس کے بعد وہ پولٹری فارم کے تاجر کو اپنے ساتھ لے گئے۔

اغواء کار تاجر کو شہر بھر میں گھماتے رہے اور تاجر کے اہل خانہ سے کروڑوں روپے تاوان کا مطالبہ کرتے رہے، تاوان نہ دینے پر ملزمان نے پولٹری فارم کے مالک کا کان کاٹ دیا اور پھر ویڈیو بنا کر اہل خانہ کو بھیجی، بعد ازاں گھر والوں نے 1 کروڑ روپے تاوان ادا کیا جس پر پولٹری فارم کے مالک کو حیدرآباد کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ڈی آئی جی سی آئی اے احمد نواز چیمہ کا کہنا ہے کہ واردات میں افغانستان کا گروپ ملوث ہے،تاوان کیلئے فیملی کو افغانستان سے کالزم آئیں اور اس دوران ملزمان تاجر کو شہر میں لے کر گھومتے رہے جبکہ تاجر کے اہل خانہ کو انہوں نے خوفزدہ کرنے کیلئے کان کاٹنے کی دھمکی دی اور پھر کان کو زخمی کیا۔

اغواء برائے تاوان کے کیسز کو حل کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے خصوصی سیل اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کے ایس ایس پی ظفر چھانگا کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کا گروپ پڑوسی ملک افغانستان سے آپریٹ کرتا ہے اور اس گروپ کے کارندے کراچی سے تاجروں کو اغواء کرکے کروڑوں روپے تاوان وصول کرتے ہیں، گروپ میں دو افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی کا کہنا ہے کہ فیملی نے تاوان دے کر تاجر کو بازیاب کرایا لیکن اغواء کاروں کی نشاندہی ہوچکی ہے اور جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہر کراچی میں ایک طرف تو تاجر بھتہ خوری کی وارداتوں سے خوفزدہ ہیں ، گزشتہ دنوں شہر کے مصروف ترین مارکیٹ ٹمبر مارکیٹ میں دن دیہاڑے بھتہ خوروں کے گروپ نے اسٹیل کا کاروبار کرنے والے تاجر خرم جعفر کو قتل کیا اور اب تک قاتل پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں جبکہ دوسری جانب شہر قائد سے تاجروں کو اغوا کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے اور یہ اغواء کار پڑوسی ممالک سے آپریٹ کررہے ہیں جبکہ قانونی نافذ کرنے والے ادارے ایسے گروپس کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہیں۔