حیدرآباد: سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں جواں عمر لڑکی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے تھانہ پنیاری کے علاقے شاہ لطیف کالونی کی سومرا گلی مین واقع ایک گھر میں فائرنگ کر کے بائیس سالہ اقرا بنت قاسم نامی لڑکی کو قتل کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔
قتل کے بعد سومرو برادری کے مشتعل افراد بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور انہوں نے سخت احتجاج کیا جس پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا، اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
پولیس کے مطابق متوفیہ کو گھر میں گھس کر گولی مارنے والے ملزم اُسکا کزن تھا جس کی شناخت اکبر سومرو کے نام سے ہوئی اور وہ واقعے کے بعد فرار ہوگیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ بظاہر کاروکاری کا شاخسانہ ہے تاہم اس حوالے سے کچھ اور افواہیں بھی زیر گردش ہیں، حتمی بات تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
دوسری طرف جس نوجوان پر متوفیہ کے ساتھ تعلق کا الزام لگایاگیا اسے پولیس نے حفاظتی تحویل میں لیکر سی آئی اے سینٹر منتقل کردیا ہے تاہم اس کو حفاظتی تحویل میں لینے کے دوران پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران پولیس موبائل پر پتھراؤ بھی کیاگیا۔