33

بہاولپور کے چڑیا گھر میں شیر کا شکار ہونیوالے شخص کی شناخت ہوگئی

بہاولپور کے چڑیا گھر میں شیر کا شکار ہونیوالے شخص کی شناخت ہوگئی ، لاش کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا ۔

تفصیلات کےمطابق بہاولپور کے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناختمحمد بلاول ولد محمد جاوید کےنام سے ہوئی جو  لاہور کے علاقے باگڑیاں گرین ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ جاں بحق شخص سے کسی بھی قسم کی شناختی دستاویزات نہ ملیں۔

شیر کے حملے میں  ہلاک ہونیوالا شخص تین مقدمات میں پولیس کو ریکارڈ یافتہ نکلاشہری کا لاہورکے مختلف تھانوں میں چالان بھی ہوچکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہری کی شناخت کے حوالے سے ریکارڈ پولیس نےلاہور بھیج دیا ہے جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق شہری کی جانب سے مزاحمت کے شواہد بھی ملے ہیں۔

 واضح رہے کہ بہاولپور میں گزشتہ روز چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے پنجرے میں شہری مردہ حالت میں پایا گیا تھا، ابتدائی طور پر لاش کی شناخت نہ ہوسکی تھی تاہم اب شناخت کرلی گئی ہے۔اس سے قبل لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹائیگرز نے سب سے پہلے شہری کی گردن پر حملہ کیا جبکہ شہری کی جانب سے مزاحمت کے بھی شواہد ملے ہیں۔ ٹائیگرز نے شہری کے جسم کے متعدد حصوں کو کھایا ہوا ہے لیکن شہری ٹائیگرز کے جنگلے میں کیسے گیا تاحال پتا نہ چل سکا۔ واقعے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دن ساڑھے گیارہ بجے چڑیا گھر کا سوئپر صفائی کیلئے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا علم ہوا۔