64

کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت: عدالت نے ملزم کے والد کو گرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر ملزم کے والد شفقت علی کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ان کی 27 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

ڈیفنس فیز 7 لاہور میں ہونے والے کار حادثے کے مرکزی ملزم افنان کے والد شفقت علی نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔

عدالت نے ملزم شفقت علی کی 27 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور ملزم کے والد شفقت علی کو ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے پولیس کو ملزم شفقت علی کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔

ملزم کے والد کو گاڑی کا مالک ہونے پر مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت: ملزم کی درخواست ضمانت خارج

دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے ڈیفنس کار حادثے میں ایک فیملی کے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے مقدمے میں ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ایڈشنل سیشن جج شاہد محمود نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اب اس مقدمے میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کردی ہیں، درخواست ضمانت واپس لینا چاہتے ہیں۔

مدعی کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیے کہ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کا اندارج ہوچکا ہے، درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

عدالت نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ملزم کے خلاف ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے، ملزم 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔

واضح رہے کہ ڈیفنس فیز 7 میں ہونے والے مبینہ ٹریفک حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت ہوئی جس میں ملزم شفقت علی کی گاڑی استعمال ہوئی، مرکزی ملزم افنان نے اپنے والد شفقت علی کی گاڑی سے 6 افراد کو کچل کر ہلاک کیا۔